Saturday, 5 May 2012

شریف برادران اٹک سے براہ راست جدہ کیسے گئے، گیلانی

4-21-2012_45445_l اسلام آباد (وقائع نگار،نیوزایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ کا پہلا این آر او جنرل مشرف اور نواز شریف کے درمیان ہوا جس کے تحت شریف برادران جیل سے براہ راست جدہ پہنچے۔ جمعہ کو اسلام آباد میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وزراء اور قومی اسمبلی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے اپنی پارٹی اور قوم کو گمراہ کئے رکھا کہ ان کا مشرف سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا تھا تاہم بعد میں خود اقرار کیا کہ جنرل مشرف کے ساتھ پہلی بارگیننگ کرکے وہ سعودی عرب گئے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملکی تاریخ کا پہلا این آر او جنرل پرویز مشرف اور شریف برادران کے درمیان ہوا تھا اور این آر او یہ ہوتا ہے کہ فریقین کے درمیان کسی بات پر ہم آہنگی پیدا ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں اور قوم اس این آر او کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں’ مجھے عدالت کی ان دستاویزات کی ضرورت ہے جس کے تحت شریف برادران اٹک سے براہ راست جدہ چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ان دستاویزات اور اس وقت اپنائے جانے والے طریقہ کار کے بارے میں جاننا اور سننا چاہتی ہے جس کے ذریعے عدالت نے حکم دیا کہ وہ اٹک سے براہ راست جدہ جاسکتے ہیں۔ ایسا کیسے ممکن ہوا جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے دس سال کے لئے معاہدہ کیا اور وہ دس سال سے عوام اور پارٹی کو گمراہ کرتے رہے کہ ہم نے کوئی معاہدہ نہیں کیا۔ قبل ازیں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے وزراء اور ارکان قومی اسمبلی نے جمعہ کو ایوان وزیراعظم میں ملاقات کی اور گزشتہ روز قومی اسمبلی میں منظور ہونے والی قراردادوں پر مبارکباد دی۔ وزراء اور ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو جمہوریت اور آئین کے نصب العین کیلئے ان کی کاوشوں میں اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے نئے صوبے کی تشکیل کی قرارداد کی تاریخی منظوری علاقے کے عوام کی امنگوں کی عکاسی ہے۔ وزیراعظم نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت اور وفاق کی نصب العین کی بالادستی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔سندھ کابینہ کے وفدنے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی قیادت میںوزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے وزیراعظم ہائو س میں ملاقات کر کے ان پر اور اتحادی حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جبکہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جمہوری حکومت کے خلاف اپوزیشن کی حالیہ مہم ناکام ہو گئی ہے اور عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے ۔ گیلانی سے فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹروں اور اراکین اسمبلی کے ایک وفد نے رکن اسمبلی حمید اﷲ جان آفریدی کی قیادت میں ملاقات کی اور انہیں قومی اسمبلی میں اعتماد کی قرار داد منظور ہونے پر مبارکباد دی ملاقات کے دوران فاٹا کے وفد نے وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اعتماد کی یہ قرار داد اس بات کی عکاس ہے کہ اکثریت اس وقت ایک جمہوری منتخب وزیراعظم کے ساتھ ہے۔

0 comments:

Post a Comment

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Hot Sonakshi Sinha, Car Price in India