پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں نواز شریف نے سندھ کے لوگوں کو
یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اقتدار میں آ کر ان کی محرومیاں دور کریں گے اور
صوبے کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ رتو ڈیرو میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے سندھ نیشنل فرنٹ
کے سربراہ ممتاز بھٹو کو اصول پسند سیاست دان قرار دیا جنہوں نے اس موقع پر
اپنی جماعت کو مسلم لیگ ن میں ضم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگر سندھ نیشنل فرنٹ مسلم لیگ ن میں ضم ہو رہی
ہے تو مسلم لیگ ن بھی فرنٹ میں ضم ہو رہی ہے، وہ ممتاز بھٹو کی سربراہی اور
رہنمائی میں کام کریں گے اور وہ سارے خواب جو ادھورے ہیں ان کو مکمل کیا
جائے گا۔نواز شریف کئی ملاقاتوں کے بعد ممتاز بھٹو کو اپنی جماعت میں لانے
میں کامیاب ہوئے ہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ ممتاز بھٹو کو برسوں سے
جانتے ہیں، اقتدار تو ان کے پاس کئی بار آتا اگر وہ اپنی اصول پرستی
چھوڑتے۔ ’ممتاز بھٹو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی بن سکتے تھے، مگر وہ اصولی موقف پر ڈٹے رہے انہیں خوشی ہے کہ وہ ہم آج ایک ہو رہے ہیں۔‘ نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حقوق کے بارے میں ممتاز بھٹو
اور ان کا موقف یکساں ہے جس کا ثبوت بیسویں آئینی ترمیم ہے، وہ چاہتے ہیں
کہ صوبے زیادہ سے زیادہ اختیارات حاصل کریں۔
نواز شریف نے ایک بار پھر سیلاب کے دنوں میں سندھ کے اپنے دورے کا ذکر
کیا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت سے مخاطب ہوکر کہا کہ بینظیر بھٹو کی
شہادت کے بعد آپ کو سندھ کے لوگوں نے ووٹ دیا، کم سے کم ان سے محبت تو کرو۔
ان کی مصیبتوں کو دیکھو وہ کس حال میں زندگی گزار رہے ہیں۔
0 comments:
Post a Comment