لندن/ واشنگٹن…برطانیہ نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر نیٹو سپلائی کو
بحال کرنے کے لیے دباؤ ڈالا ہے جبکہ امریکہ نے بھی پاکستان کو افغان معاملے
سے علیحدہ کرنے کی دھمکی دیدی ہے جس کے بعد صورت حال کی سنگینی کو دیکھتے
ہوئے وزیر اعظم نے دفاعی کمیٹی کا اجلاس 15 اور کابینہ کا اجلاس 16 مئی کو
طلب کر لیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ نے 2 سال سے کولیشن سپورٹ فنڈز
کے ایک اعشاریہ 2 ارب ڈالر روک رکھے ہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کچھ
عرصہ پہلے اس فنڈز کے حوالے سے بات کرنے کے لئے جب امریکا گئے تو امریکی
حکام نے انہیں کہا کہ پاکستان اگر نیٹو سپلائی کھول دے تو وہ فنڈز دینے کے
لئے تیار ہیں۔ حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپلائی کے چارجز بے شک بڑھا دئیے
جائیں انہیں اس پر اعتراض نہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ نے وطن واپسی کے بعد
اعلٰی سول اور فوجی حکام سے ملاقات کی اور صورتحال سے آگاہ کیا۔ حفیظ شیخ
کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکا کی بات مان لینی چاہیے کیونکہ انہیں
آئندہ کا بجٹ بنانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ
برطانیہ نے بھی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پر نیٹو سپلائی کو بحال کرنے کے
لیے دباؤ ڈالا ہے اور حالیہ دورے کے دوران برطانوی حکام سے ملاقاتوں میں
بھی یہ معاملہ زیر بحث آیا ہے ۔ادھر نیٹو سپلائی نہ کھولنے پرامریکا نے
پاکستان کو افغان معا ملے سے علیحدہ کرنے کی دھمکی دیدی ہے، صورتحال کی
سنگینی دیکھتے ہوئے وزیراعظم نے کابینہ کی دفاعی کمیٹی کا اجلاس پندرہ اور
وفاقی کابینہ کا اجلاس16 مئی کو بلا لیا ہے جبکہ 16 مئی کو ہی کور کمانڈرز
کانفرنس بھی طلب کرلی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ نے پاکستان کو وارننگ
دی ہے کہ نیٹو سپلائی نہ کھولی گئی تو پاکستان کو شکاگو کانفرنس میں نہیں
بلایا جائے گا۔ شکاگو کانفرنس میں افغانستان میں2014 کے بعد اختیار کی جانے
والی حکمت عملی کے حوالے سے اہم فیصلے ہوں گے۔ امریکی حکام کا یہ بھی کہنا
ہے کہ آئندہ افغانستان کے مستقبل کے حوالے سے ہونے والے دیگر فیصلوں پر
بھی پاکستان کو اعتماد میں نہیں لیا جائیگا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے
ہوئے پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے اجلاس طلب کرلئے ہیں۔ پندرہ مئی کو
اسلام آباد میں ہونے والے دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی جماعتوں کے
پارلیمانی لیڈر، مسلح افواج کے سربراہ آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل اور
وفاقی وزرا شرکت کریں گے۔ دفاعی کمیٹی نیٹو سپلائی اور نئی خارجہ پالیسی سے
متعلق پارلیمنٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لے گی۔ سولہ مئی کو
ہونیوالی کور کمانڈر کانفرنس میں بھی امریکی دھمکی پر غور کیا جائیگا۔
0 comments:
Post a Comment