Monday, 25 June 2012

تجربے سے مالا مال پاکستانی کرکٹرز گال میں کنگال، 36پر3آؤٹ فتح کیلئے مزید 474رنز درکار

(نیٹ نیوز) تجربے سے مالا مال پاکستانی کرکٹرز گال میں کنگال نظرآئے۔ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 100رنز بناکر ڈھیر ہوئی جس کے بعد سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 5وکٹوں کے نقصان پر 137رنز پر ڈکلیئر کرکے پاکستان کو 510رنز کا ہدف دیا لیکن کیا کہنا پاکستانی ٹیم کا جو دوسری اننگز میں بھی صرف 36رنز بناکر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ محمد حفیظ 4، توفیق عمر 10اور اظہر علی 7رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کو میچ میں کامیابی کے لیے 474رنز جبکہ سری لنکا کو صرف 7وکٹیں درکار ہیں۔ گال ٹیسٹ میں پاکستان کی یقینی شکست کو صرف بارش ہی ٹال سکتی ہے۔ اگر آئندہ دو روز تک مسلسل بارش ہوئی تو سری لنکنزکی محنت پر پانی پھر سکتا ہے۔ پیر کو میچ کے چوتھے روز بارش کا امکان موجود ہے۔ تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو نائٹ واچ مین سعید اجمل 11 اور یونس خان 0 پر ناٹ آؤٹ تھے۔ تیسرے روز کھیل شروع ہوا تو پاکستان نے 48رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی لیکن کھانے کے وقفے تک پوری ٹیم 100 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی اور سری لنکا کو 372 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔یونس خان 29، ایوب ڈوگر 25، عدنان اکمل 9، عبدالرحمان 1، عمرگل اور جنید خان 2,2رنز بناسکے۔ پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم کے 8 کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے، تین صفر پر آوٴٹ ہوئے۔ سورچ رندیو نے 4، ہیراتھ نے 3اورکلاسیکرا نے 2وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے پاکستان کو ’فالو آن‘ پر مجبور کرنے کی بجائے دوسری اننگز شروع کی۔ پہلی اننگز میں سنچری کرنے والے دلشان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت چائے کے وقفے پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنا لیے۔ دلشان نے 56 رنز بنائے۔ سری لنکا کا اسکور 137تک پہنچا تو کپتان جے وردھنے نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 3اور سعید اجمل نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

0 comments:

Post a Comment

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Hot Sonakshi Sinha, Car Price in India