Monday, 25 June 2012

میرپور کرپشن کا اڈہ بن چکا ہے، بیرسٹر سلطان

میرپور(پ ر) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و پیپلزپارٹی آزادکشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ جس طرح پاکستان میں مختلف اداروں میں کرپشن کے انکشافات ہوئے ہیں اس سے احتساب کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے۔اس لئے میں آزاد کشمیر کے ذمہ داروں بالخصوص بیوروکریسی کو وارننگ دیتا ہوں کہ میرے پاس کرپشن کے تمام ثبوت پہنچ چکے ہیں بالخصوص میرپور میں دو ارب کے ایک پراجیکٹ جس میں کچھ لوگوں کے کمشن کی شرح بھی طے ہو گئی ہے اسے میں عنقریب منظر عام پر لاکر ایسے کرپٹ لوگوں کو ایسی سخت سزا دوں گا کہ انکی آئندہ نسلیں بھی بھلا نہیں سکیں گی۔ میرپور کو کرپشن کا اڈا بنا دیا گیا ہے اور میں نے کرپشن و تعصب کو ختم کرنے کا عہد کیا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں میرپور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنماء وحید قریشی نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جلسہ سے خطاب میں مزید کہا کہ میرپور میں لینڈ مافیا ، پلاٹ مافیا اور کمشن خوروں کا منطقی انجام تک پہنچنا ٹھہر چکا ہے اور اب اہلیان میرپور کا سودہ کرکے اپنی تجوریاں بھرنے والوں کے لئے زمین تنگ کردی جائے گی اور کرپٹ افسروں کو عوام عنقریب میرپور کی گلیوں میں گھسیٹیں گے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرے پاس یہ بھی اطلاعات ہیں کہ میرپور کی ترقیاتی سکیموں کو دوسری جگہوں پر منتقل کیا جارہا ہے اور میرپور کے لوگوں کا حق مار کر باہر سے ملازمین کو تعینات کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں آزاد کشمیر کے حکمرانوں سے تو میں اپنے طور پر بات کرونگا لیکن جو اعلی افسران اس میں ملوث پائے گئے انکو موقع پر ہی سزا دونگا کیونکہ اب میرپور کے لوگ زیادہ دیر اس صورتحال سے دو چار رہنا نہیں چاہتے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریاں بھی پوری کرتاہوں کیونکہ میں جہاں آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کی بات کرتا ہوں وہیں دنیا میںہر فورم پرجا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آٹھ لاکھ بھارتی افواج کے مظالم کے چنگل سے آزاد کرانے کے لئے آواز بھی بلند کرتا رہتاہوں۔اسی طرح میں اپنی قومی اور پارٹی کی ذمہ داری بھی پوری کرتا رہتا ہوں کیونکہ میری پارٹی نے جب مجھے انتخابی مہم کا چیئرمین بنایا تو میں نے آزاد کشمیر میں قریہ قریہ جا کر اور اسی طرح پاکستان میں مہاجرین جموں کشمیر میں جا کر پارٹی کو انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار کرایااور آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی۔اسی طرح اب پھر جبکہ پاکستان میں عام انتخابات کا دور دورہ ہے تو یہاں بھی میں پارٹی کی انتخابی مہم چلانے کے لئے بازو سے آستینیں چڑھا کر میدان عمل میں نکلنے والا ہوں کیونکہ میں سازشی سیاست کو تسلیم نہیں کرتا کیونکہ جس طرح شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا کہ عوام طاقت کا سرچشمہ ہوتے ہیں اسی طرح میں چور دروازے سے آنے کی بجائے میدان کا کھلاڑی ہوں۔

0 comments:

Post a Comment

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Hot Sonakshi Sinha, Car Price in India