اسلام آبا د(وقا ئع نگار، نیوز ایجنسیاں)صدر آصف علی زرداری کی زیر صدرت
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ طاقت کے زور پر کسی کو آئین کی تشریح نہیں
کرنے دی جائے گی جب کہ مسلم لیگ ن کے جواب میں جلسے کرنے کا بھی فیصلہ کیا
گیا ہے، پیپلزپارٹی کا پہلا جلسہ پنجاب اور سندھ کے سرحدی شہر اوباڑو میں
12 مئی کو ہو گا۔ صدر زرداری کی زیر صدارت ایوان صدر اسلام آباد میں پیپلز
پارٹی سندھ کے رہنماو’ں کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی و زیر سید خورشید شاہ،
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، آغا سراج درانی، مراد علی شاہ، جام
مہتاب، نواب علی وسان، گل محمد اور نذیر بگھیو نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن کو کھل کھیلنے کا موقع کسی طور نہیں
دیا جائے گا، پیپلز پارٹی سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں جلسے کرے گی،
آئندہ انتخابات میں بھی اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلے گی اور عوامی امنگوں
کے مطابق سرائیکی صوبہ بنا کر دم لے گی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پیپلز
پارٹی عوامی عدالت کے فیصلوں کو تسلیم کرتی ہے۔ ذارئع کے مطابق اجلاس میں
لیاری میں شر پسند عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھنے کا بھی
فیصلہ کیا گیا۔ سیاسی جماعتیں شہر میں امن و امان کی مکمل بحالی کیلئے
جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کوششوں میں ہاتھ بٹائیں، ذرائع کا کہنا تھا کہ
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے لانگ مارچ کے جواب میں رائے ونڈ مارچ پر بھی
غور کیا گیا اور اس حوالے سے فیصلے کا اختیار صدر مملکت و پیپلز پارٹی کے
شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو دے دیا گیا ہے ، صدر زرداری نے ایک بار پھر
واضح کیا کہ اپوزیشن کے شور شرابے کے باوجود سیاسی مفاہمت کی پالیسی جاری
رہے گی۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی میں کوئی سمجھوتہ
نہیں کیا جائے گا۔قربانیاں دینے والے اپوزیشن کے رویے سے اشتعال میں نہیں
آئیں گے جمہوریت کے استحکام کیلئے کوشیں جاری رہیں گی صدر نے اس امر کو
دہرایا کہ لیاری میں صورتحال سے شر پسندوں کے خلاف طاقت کے استعمال اور
سیاسی ذرائع کو بروئے کار لا کر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و
امان پر قابو پانے کیلئے ترقی کے حقیقی مسائل سے موثر طور پر نمٹنا بھی
ضروری ہے۔ صدر نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ شہر میں امن و امان
کی مکمل بحالی کیلئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کوششوں میں ہاتھ بٹائیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے صدر مملکت کو سندھ بالخصوص کراچی میں جاری ترقیاتی
منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر نے صوبائی وزراء کو عوام سے رابطہ
برقرار رکھنے اور ان کے مسائل کے حل میں مدد کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے
اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ علاوہ ازیںصدر مملکت آصف علی
زرداری سے وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی نے جمعہ کو ایوان صدر
میں ملاقات کی جس میں صوبے میں لاپتہ افراد، امن و امان اور ترقیاتی
منصوبوں کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان ایوان صدر سینیٹر فرحت
اللہ بابر نے کہاکہ صدر آصف علی زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ لاپتہ
افراد کے معاملے پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں اور متعلقہ
اداروں پر زور دیا جائے کہ وہ صورتحال کو بہتر بنائیں۔صدر نے خلیل دالی کے
کیس کی تحقیقات میں پیش رفت کے بارے میں استفسار کیا جو انٹرنیشنل کمیٹی آف
ریڈ کریسنٹ کیلئے خدمات انجام دیتے تھے۔انھوں نے کہا حکومت بلوچستان کے
عوام کااحساس محرومی ختم کر نے کیلئے پر عزم ہے بلوچ عوام کی خوشحالی اور
ترقی کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے ملاقات میں گوادر بندرگاہ سے متعلق امور
بھی زیر غور آئے۔ صدر نے کہا کہ بندرگاہ سے مکمل استفادہ اس وقت ہو گا جب
بندرگاہ سے متعلق شاہرات اور معاون مواصلاتی ڈھانچہ کے منصوبہ جات اشیاء کی
نقل و حمل میں سہولت کیلئے بروقت مکمل ہوں۔
0 comments:
Post a Comment