ولورہمپٹن (رپورٹ )
ولورہمپٹن کے لیبر رکن پارلیمنٹ راب مورس نے کہا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری
کمیونٹی جہاں برطانیہ میں ایک متحرک اور دوسروں کی مدد کرنے والی کمیونٹی
ہے وہاں یہ بھی خوشی کی بات ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اپنے آبائی ملک پاکستان
میں بھی غریب اور بے سہارا لوگوں کے لئے قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔
وہ ولسن ہال میں ولورہمپٹن مسلم فورم کے زیر انتظام مظفر گڑھ میں (رکھ جل
والا) کے مقام پر سیلاب زدگان کیلئے تعمیر ہونے والے ایک سو مکانات کے ولیج
کی تعارفی تقریب میں خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے مقامی کونسلرز، سماجی
رہنما، علمائے کرام اور معروف کاروباری و سماجی شخصیات اور خواتین بھی
موجود تھیں۔ تقریب کی نظامت راجہ خلیل احمد خان نے کی۔ راب مورس نے کہا کہ
ولورہمپٹن کے شہریوں کی طرف سے پاکستان میں ایک ماڈل ولیج دوستی، اعتماد
اور انسانی ہمدردی کی ایک خوبصورت مثال ہے جس میں تمام مذاہب اور رنگ و نسل
کے لوگ مدد اور تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ میں قائم ہونے
والا ماڈل ولیج جہاں سو بے سہارا اور بے گھر لوگوں کو خوبصورت اور معیاری
گھر دستیاب ہوں گے وہاں یہ ولیج ہمیشہ ولورہمپٹن کے لوگوں کے جذبہ ایثار
اور برادرانہ محبت کو قائم اور تازہ رکھے گا۔ انہوں نے منصوبہ بنانے پر
فورم کے چیئرمین راجہ صابر احمد، راجہ رب نواز خان، راجہ اعجاز خان اور
فورم کے ٹرسٹیوں اور ولورہمپٹن کے شہریوں کے جذبے کی تعریف کی۔ راجہ صابر
احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ فورم کی جانب سے ایک سال پہلے مظفر گڑھ میں
سیلاب سے شدید طور پر متاثرہ علاقے رکھ جل والا میں 7 مرلے رقبے پر مشتمل
100 مکان تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ ایک مکان پر 2 لاکھ 75
ہزار روپے خرچ آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 13 مکان تیار ہو چکے ہیں
جبکہ بقیہ مکانات کی تعمیر تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہا کہ مسلم فورم نے
پورے اعتماد اور انسانی جذبے سے اس عظیم مقصد کیلئے کام شروع کیا ہے جس میں
اللہ نے ہمیں کامیابی عطا فرمائی ہے۔ ولورہمپٹن سٹی کونسل کے کونسلر محمد
الیاس متو نے منصوبے کی تعریف کی اور اسے اہلیان ولورہمپٹن کیلئے ایک اعزاز
اور قابل فخر پروگرام قرار دیا۔ علامہ صوفی محمد عبداللہ عتیق کے صاحبزادے
محمد نعیم ربانی نے پروگرام کو سپانسر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ولورہمپٹن کے
شہریوں نے اپنے جذبے اور ایثار سے اتنا بڑا منصوبہ بنایا ہے۔ راجہ خلیل
احمد خان نے ماڈل ولیج منصوبے کے مختلف مرحلوں پر روشنی ڈالی اس موقع پر
راجہ محمد اعظم، راجہ اعجاز خان، مقصود احمد، الطاف حسین، رفیق چوہان، کمال
خان، اصغر حسین شاہ، لبنیٰ اصغر، پروین صادق اور دیگر اراکین نے تقریب کے
انتظامات اور پروگرام کے امور انجام دیئے۔ اس موقع پر تقریباً 12 ہزار پونڈ
کے عطیات جمع کئے گئے۔ پروگرام میں راسف خان اور آثم نواز خان نے فنڈ
ریزنگ میں منتظمین سے تعاون کیا جبکہ نایاب خان اور عدنان اشفاق نے سپانسر
شپ میں منتظمین سے تعاون کیا۔
0 comments:
Post a Comment