Tuesday, 10 April 2012

بجلی کی بچت کیلیے دو چھٹیاں، بازار آٹھ بجے بند

پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کاروباری مراکز آٹھ بجے بند کر دیے جائیں گے جبکہ سرکاری دفاتر میں ہفتے میں پانچ دن کام ہوگا۔
یہ اعلانات انہوں نے پیر کو لاہور میں منعقدہ دوسری قومی توانائی کانفرنس میں کیے جس کی صدارتخود وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کی جبکہ اس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک ہوئے۔
توانائی کے بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے بلائی گئی کانفرنس کے اختتام پر وزیراعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ صوبہ پنجاب کی شکایت پر پورے ملک میں بجلی کی یکساں لوڈشیڈنگ کی جائے گی ۔
وزیراعلیْ پنجاب شہباز شریف نے کانفرنس میں یہ شکوہ کیا تھا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں کی نسبت بجلی کی لوڈشیڈنگ زیادہ کی جارہی ہے۔
لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق توانائی کانفرنس میں کیے گئے فیصلوں کے بارے میں وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ کاروباری مراکز سینچر کے سوا ہفتے کے دیگر چھ دن رات آٹھ بجے بند کر دیے جائیں ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں سرکاری دفاتر میں ہفتے میں پانچ دن کام کریں گے اور اس طرح سات سو میگا واٹ بجلی کی بچت ہوگی۔
یوسف رضاگیلانی نے بتایا کہ کاروباری مراکز آٹھ بجے بند کرنے اور سرکاری دفاتر میں پانچ دن کام کرنے کے معاملے پر وزرائے اعلیٰ اپنے جماعتوں سے مشاورت کریں گے جس کے بعد اس میں بارے حتمی رائے دی جائے گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ بجلی کی بچت کے لیے ملک بھر انرجی سیور استعمال کیے جائیں گے جس سے بجلی کی اچھی خاصی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سائن بورڈز اور بل بورڈر کو بجلی کی فراہم بند کرکے بجلی بچائی جائے گی
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنے کے بجائے دفاتر میں موسم گرما اورسرما کے لیے اوقات میں تبدیلی لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کرنےسے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور اسی لیے موسم گرما اور سرما میں دفاتر کے اوقات کار تبدیل کیے جائیں گے۔
یوسف رضا گیلانی نے غریب صارفین کے لیے بجلی کے رعایتی یونٹوں کو دوگنا کرنے کا اعلان کیا اور بتایا کہ رعایتی یونٹز کی تعداد پچاس سے بڑھ کر ایک سو کی جارہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ بجلی کی چوری کو روکنے کے لیے حکومت قانون سازی کرے گی جبکہ سرکاری کنکشن کے لیے پری پیڈ میٹر لگائے جائیں گے جس کے ذریعے بجلی چوری پر قابو پایا جاسکے گا۔
یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے صوبۂ پنجاب کے ذمہ بقایاجات آئندہ ڈیڑھ ماہ میں ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ دیگر صوبے بھی اپنے ذمے واجب الادا واجبات جلد ادا کریں۔
ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لیے کئی منصوبوں پر کام کررہی ہے اور وہ آئندہ آنے والی حکومت کے لیے مشکلات نہیں بلکہ فائدے چھوڑ کر جائیں گے۔


0 comments:

Post a Comment

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Hot Sonakshi Sinha, Car Price in India