Monday, 16 April 2012

نیٹو سپلائی روکنے کیلئے لاکھوں محب وطن پاکستانی سڑکوں پر نکل کر سپلائی ردھرنے دیں گے


 دفاع پاکستان کونسل نے پارلیمنٹ کی طرف سے نیٹو سپلائی بحالی کا فیصلہ یکسر مسترد کرتے ہوئے اس کیخلاف پورے ملک میں زبردست احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ نیٹو سپلائی روکنے کیلئے لاکھوں محب وطن پاکستانی سڑکوں پر نکل کر سپلائی روٹس پر دھرنے دیں گے ، امریکہ نے ڈرون حملے نہ روکنے کا اعلان کر کے حکمرانوںکے منہ پر بد ترین طمانچہ مارا ہے ۔ 20اپریل جمعہ کو پورے ملک میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔شہر شہر احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔کل اتوار کو موٹر وے چوک رنگ روڈ پشاور میں بڑی دفاع پاکستان کانفرنس ہو گی، 26 اپریل کو کوئٹہ میں جلسہ عام کا انعقاد کیا جائےگا۔ ہم جلاﺅ گھیراﺅ کے قائل نہیں ہیں لیکن امریکی غلامی میں مبتلا حکمرانوںکو ملکی و قومی مفادات کا سودا نہیں کرنے دیں گے۔نیٹو سپلائی بحالی کے خلاف پورے ملک میں دستخطی مہم چلائی جائے گی۔ اسلام مسلمانوں کا قتل عام کرنے والوں کی سپلائی بند کرنے کا حکم دیتا ہے ملک بھر کے علماءاور مفتیان کرام اس بات پر متفق ہیں کہ نیٹو سلائی کھولنا اسلامی شریعت کی سخت خلاف ورزی ہے ۔حکمران نیٹو سپلائی بحالی کے حوالہ سے ریفرنڈم کروا لیں ان کی آنکھیں کھل جائیں گی۔ نیٹو سپلائی بحال کرنا شکست خوردہ امریکہ کو آکسیجن فراہم کرنے کے مترادف ہوگا۔کونسل کا آئندہ سربراہی اجلاس 22 اپریل کو جھنگ میں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار دفاع پاکستان کونسل کے چیئر مین مولانا سمیع الحق ، پروفیسر حافظ محمد سعید ، جنرل(ر) حمید گل ، مولانا محمد احمد لدھیانوی ، صاحبزادہ ابو الخیر زبیر ، اعجاز الحق ، لیاقت بلوچ ، مولانا فضل الرحمن خلیل و دیگر نے پاکستان امن پارٹی کے دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرمولانا طیب طاہری، طاہر محمود اشرفی، مولانا امیر حمزہ ، مولانا عبدالقادر لونی ، گلزار احمد اعوان ، قاری محمد یعقوب شیخ ، مولانا عبدالرﺅف فاروقی، عبداللہ گل،حافظ محمد مسعود، محمد یحییٰ مجاہدودیگر بھی موجود تھے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ض) کے صدر اعجازالحق کی رہائش گاہ پر مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت سربراہی اجلاس بھی ہواجس میں ملک کی مجموعی صورتحال ، پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کے حوالہ سے پاس کردہ سفارشات اور پاکستان میں امریکہ اور بھارت کے بڑھتے ہوئے اثرات پر تفصیل سے غوروفکر کیا گیا ۔دفاع پاکستان کونسل کے رہنماﺅں نے مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ نیٹو فورسز کو سپلائی بحالی کیخلاف پورے ملک میں مستقل احتجاج اور دھرنے دیئے جائیں گے۔ نیٹو سپلائی کے راستوں پر بسنے والے عوام ہمارے ساتھ مل کر نیٹو کنٹینرز کے راستے روکیں گے دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتیں اور قائدین ہر قسم کی قربانی دیں گے ۔ لیکن قومی اور اسلامی مفادات کو قربان نہیں ہونے دیں گے۔ دفاع پاکستان کونسل کنٹینرز اور گڈز ٹرانسپورٹ کے مالکان ، ڈرائیورز ، ہیلپرز اور مزدوروں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ نیٹو فورسز کی ترسیل میں حصہ لینے سے انکارکردیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان بھائیوں کے قتل عام کیلئے دشمن ملک کی سپلائی بحال کرنا اسلامی احکامات کی سخت خلاف ورزی ہے۔ اسلام مسلمانوں کا قتل عام کرنے والے ظالموں کی سپلائی بند کرنے کا حکم دیتا ہے یہ انسانی ہمدردی نہیں انسانی قتل ہے ۔ نیٹو سپلائی بحالی کیخلاف پورے ملک میں شدید احتجاج کیا جائے گا ہم جلاﺅ گھیراﺅ کے قائل نہیں ہیں لاکھوں محب و طن پاکستانی سڑکوں پر نکل کر نیٹو سپلائی روٹس پر دھرنے دیں گے اور پر امن طور پر سپلائی کو روکا جائے گا اس سلسلہ میں ہم ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کی پاس کردہ سفارشات امریکہ کو راضی کرنے اور عوامی امنگوں کا خون کرنے کے مترادف ہیں۔ صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی نے چالاکی اور چابکدستی سے امریکی مفادات کے تحفظ کیلئے پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ میں شامل جماعتوں کو استعمال کیا ہے دفاع پاکستان کونسل پارلیمنٹ کی سفارشات کو غلامی کا معاہدہ ، امریکہ کی کامیابی کی دستاویز اور قومی جذبات کا خون قرار دیتے ہوئے مسترد کرتی ہے ۔ دفاع پاکستان کونسل کے خدشات درست ثابت ہو گئے ہیں اس لئے اب پارلیمنٹ میں نمائندگی کرنے والی جماعتیں دفاع پاکستان کونسل کی جدوجہد میں شریک ہو جائیں ۔انہوں نے کہاکہ افغانستان سے امریکہ کے پاﺅں اکھڑ چکے ہیں ۔ کونسل میں شامل جماعتوں کا مشترکہ موقف ہے کہ امریکہ اور بھارت سے کسی خیر کی توقع نہ رکھی جائے ۔ قومی سلامتی پر پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات ناقص اور خوف زدگی پر مشتمل تھیں جو ناکارہ ثابت ہو ئی ہیں ۔ ڈرون حملوں کیخلاف حکومت اقوام متحدہ میں جانے کا فیصلہ کرے۔ فوجی آمر کے دور میں کئے گئے خفیہ معاہدے منظر عام پر لائے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں پیش کردہ سفارشات میں سے امریکہ کسی ایک قرار داد پر بھی عمل درآمد نہیں کرے گا نہ ڈرون حملے روکے گا جس کا اعلان وہ کر چکا ہے ۔امریکہ اور بھارت پاکستان کیخلاف ایک ہو چکے ہیں وطن عزیز پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کیلئے امریکہ انڈیا کو استعمال کر رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انڈیا نے بدترین ظلم و ستم کا سلسلہ شروع کر رکھاہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے کیلئے امریکہ اور اسرائیل اس کی مدد کر رہے ہیں دفاع پاکستان کونسل مظلوم کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور ہر ممکن مددو تعاون کا یقین دلاتی ہے انہوںنے کہا کہ نیٹو سپلائی بحال کر کے بھارت کو سہولیا ت فراہم کی جا رہی ہیں بلوچستان میں ٹارگٹ گلنگ ، گلگت و بلتستان میں فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے اور تخریب کاری کی وارداتوں میں بھارت ملوث ہے دفاع پاکستان کونسل اس سلسلہ میں بھی بھر پور کردار ان شا ءاللہ ادا کرے گی ۔ ہم علماءکرام و دینی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ امریکہ اس خطہ سے نکل جائے تو سارے مسئلے حل ہو جائیں گے۔




0 comments:

Post a Comment

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Hot Sonakshi Sinha, Car Price in India