Wednesday, 25 April 2012

پاکستان میں سکیورٹی کا مسئلہ نہیں:واٹمور

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں اور یہاں عالمی کرکٹ کے لیے بہترین ماحول موجود ہے۔ پیر کو لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے واٹمور نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ نہیں کر رہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے لوگوں کا جذبہ اور شوق مثالی ہے۔واٹمور کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آ کر دیکھنا چاہیے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں تابناک تاریخ کی حامل ایک قوم کس طرح اس کھیل کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور کیسے وہ بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ پاکستان میں غیر ملکیوں کے لیے سکیورٹی خدشات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں دو ماہ سے لاہور میں ہوں اور آزادی سے گھوم پھر رہا ہوں۔ مجھے سکیورٹی کے سلسلے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے‘۔ پی سی بی کی مجوزہ پاکستان پریمیئر لیگ کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ’جب دنیا کو یہ پتہ چلے گا کہ پی سی بی پاکستان پریمیئر لیگ کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تو مجھے یقین ہے کہ بہت سے عالمی کرکٹرز ایسے ہوں گے جو اپنے شیڈول کا جائزہ لیں گے اور دیکھیں کہ وہ کیسے ایک دو ہفتے کے لیے پاکستان آ کر کھیل سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں‘۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ نے بتایا کہ سری لنکا کے دورے کے لیے پاکستانی کھلاڑی اپنی فٹنس پر محنت کر رہے ہیں اور مئی کے پہلے ہفتے میں سلیکشن کمیٹی اس دورے کے لیے پاکستانی سکواڈ کا انتخاب کرے گی۔

0 comments:

Post a Comment

 
Design by Free WordPress Themes | Bloggerized by Lasantha - Premium Blogger Themes | Hot Sonakshi Sinha, Car Price in India